کے پی سینیٹ الیکشن: پی ٹی آئی کا ناراض امیدواروں کے دستبردار نہ ہونے پر حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 19 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر پارٹی کے ناراض امیدوار سینیٹ انتخابات سے دستبردار نہ ہوئے تو وہ اپوزیشن کے خلاف براہِ راست مقابلہ کیا جائےگا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایسی صورت میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان طے شدہ 5 سے 6 نشستوں پر ہونے والا معاہدہ ختم ہو جائے گا۔ پارٹی کی جانب سے ناراض امیدواروں کو اتوار سے قبل اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: پی ٹی آئی کے ناراض امیدواروں سے مذاکرات ناکام، سیاسی کمیٹی ڈٹ گئی

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کے ناراض امیدواروں نے دستبرداری اختیار نہ کی تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا امکان ہے۔ اس ضمن میں انہیں منانے کے لیے 2 میٹنگز بھی کی گئیں، تاہم کاغذات واپس نہ لینے پر معاملہ پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی کو بھیج دیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کے مطابق پہلی میٹنگ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور اور امیدواروں نے شرکت کی، جبکہ دوسری میٹنگ ویڈیو کال کے ذریعے ہوئی جس میں ناراض امیدوار شریک نہ ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ معاملہ پولیٹیکل کمیٹی کو بھیجا گیا، جس نے پارلیمانی پارٹی کے فیصلے کی توثیق کردی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہاکہ کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نامزد امیدواروں کی 6 نشستوں پر انتخاب کے فیصلے کی توثیق کی ہے۔ ساتھ ہی بلا مقابلہ سینیٹ الیکشن کے فیصلے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے باقی امیدوار پولیٹیکل کمیٹی کے فیصلے کا احترام کریں گے، بصورت دیگر کاغذات نامزدگی واپس نہ لینے کی صورت میں ان کے بارے میں دوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ ٹکٹوں کی تقسیم: نظریاتی کارکنوں کو نظرانداز کرنے پر پشاور میں پی ٹی آئی کا احتجاج

ادھر پی ٹی آئی کے ناراض رہنما اور سینیٹ امیدوار عرفان سلیم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ پولیٹیکل کمیٹی کی جانب سے کاغذات واپس لینے کے فیصلے پر وہ پارٹی ورکرز سے مشاورت کریں گے اور ان کے ساتھ مشورہ کرکے کوئی حتمی فیصلہ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp