بھارت کے اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران 5 طیارے مار گرائے جانے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر وزیراعظم نریندر مودی سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’پاکستان نے ہمارے طیارے تباہ کیے‘، بھارتی جنرل کا اعلانیہ اعتراف
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں گفتگو کے دوران پاک بھارت جنگ کے دوران 5 طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اس بیان کے بعد راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں وزیراعظم نریندر مودی سے سوال کیا: ’مودی جی، 5 طیاروں کا سچ کیا ہے؟ قوم سچ جاننا چاہتی ہے۔’ ساتھ ہی راہول گاندھی نے صدر ٹرمپ کے اس بیان کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں انہوں نے پانچ طیارے مار گرائے جانے کا اعتراف کیا تھا۔
دوسری جانب کانگریس کی ترجمان نے بھی پاک بھارت جنگ کے دوران بھارتی عہدیداروں کے طیارے گرنے سے متعلق بیانات سوشل میڈیا پر شیئر کیے ہیں جن میں وہ خود اس بات کا اعتراف کرتے نظر آتے ہیں کہ بھارتی طیارے گرے تھے۔
بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف انیل چوہان نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ضروری نہیں کہ طیارے گرائے گئے ہوں، بلکہ اہم بات یہ ہے کہ وہ کیسے گرے۔
کانگریس کی ترجمان نے کہا کہ اتنے بیانات سامنے آنے کے باوجود وزیراعظم نریندر مودی خاموش ہیں، جو قوم کے لیے تشویش کی بات ہے۔
یاد رہے کہ اپریل میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں نامعلوم افراد کے حملے میں 26 افراد مارے گئے تھے، جس کا الزام بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر لگا دیا تھا۔ پاکستان نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے غیر جانبدارانہ تحقیقات میں مکمل تعاون کی پیشکش کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی فضائیہ کے تباہ شدہ طیارے کی فوٹیج منظر عام پر آگئی
تاہم بھارت نے اسی واقعے کو بنیاد بنا کر 7 مئی کو پاکستان پر جنگ مسلط کی تھی، جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا اور بھارتی فضائیہ کے پانچ جنگی طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھا، مار گرائے تھے۔














