خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس کورم نہ ہونے پر ملتوی، مخصوص نشستوں پر ارکان حلف نہ اٹھا سکے

اتوار 20 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسپیکر بابر سلیم سواتی کی سربراہی میں شروع تو ہوا، مگر پاکستان تحریک انصاف کے رکن شیر علی آفریدی کی جانب سے کورم کی نشاندہی کے بعد یہ کارروائی زیادہ دیر جاری نہ رہ سکی۔

کورم پورا نہ ہونے کی وجہ سے اسپیکر نے اجلاس 24 جولائی کو دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:سینیٹ الیکشن کا معمہ: خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی نے پانچویں نشست کیوں گنوائی؟

اجلاس کے آغاز پر اپوزیشن نے اسپیکر ڈائس کے سامنے شدید احتجاج کیا، جبکہ حکومتی بینچوں پر کئی ارکان غیر حاضر رہے۔

اسمبلی اجلاس کے لیے صبح 9 بجے کا وقت مقرر تھا اور وقت پر روایتی گھنٹیاں بھی بجائی گئیں، مگر کئی گھنٹوں کی تاخیر کے بعد اجلاس باقاعدہ طور پر شروع ہو سکا۔

اس اجلاس میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے 25 نئے ارکان اسمبلی نے حلف اٹھانا تھا، جن میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے 9، مسلم لیگ (ن) کے 8، پیپلز پارٹی کے 5، عوامی نیشنل پارٹی کے 2 اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کا 1 رکن شامل ہے۔

تاہم کورم مکمل نہ ہونے کے باعث یہ حلف برداری نہ ہو سکی، جس کی وجہ سے 21 جولائی کو ہونے والے سینیٹ الیکشن ملتوی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا:حلف میں رکاوٹ ہوئی تو متبادل راستے موجود ہیں، ڈاکٹر عباد

اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر نئے ارکان نے جلد حلف نہ اٹھایا تو سینیٹ الیکشن متاثر ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش کی جائے گی کہ نئے ارکان آج شام تک حلف اٹھا لیں تاکہ الیکشن شیڈول متاثر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ وہ چیف جسٹس سے اپیل کریں گے کہ کسی کو نامزد کریں تاکہ نئے ارکان سے حلف لیا جا سکے۔

ڈاکٹر عباداللہ نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف جان بوجھ کر نئے ارکان کی حلف برداری میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست کا فیصلہ آ چکا ہے، اب پی ٹی آئی یہ واضح کرے کہ وہ اس فیصلے کے خلاف کس فورم پر اپیل کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پہلے ہی سیاسی کشیدگی موجود ہے، اور پی ٹی آئی کی جانب سے مخصوص نشستوں پر اعتراضات اور الیکشن کے بائیکاٹ کی اطلاعات بھی سامنے آ چکی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp