فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی یعنی ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل تفتان نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر کراسنگ کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 20 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتاری کی یہ کارروائی فرنٹیئر کور حکام کے تعاون سے ضلع چاغی کے علاقے ماشکیل بارڈر کے قریب عمل میں لائی گئی، جہاں مذکورہ افراد غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے، ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار شدگان کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے اور یہ تمام افراد پاکستان میں وزٹ ویزے پر داخل ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف آئی اے کی کراچی ایئرپورٹ پر کارروائیاں، 3 ملزمان گرفتار
گرفتار ہونے والوں میں بابل حسین، میاں عارف، شوپان، عبداللہ، محمد کابل، مہدی حسن، الامین، ساغر حسین، نجم الحسین، حبیب الرحمان، انارالحق، روجب علی، صوجب علی، اسد، روبل میاں، عرفات علی، ایمن اکونڈا اور شبیر علی شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران جب ان افراد سے قانونی سفری دستاویزات طلب کی گئیں تو وہ تسلی بخش جواب پیش نہ کر سکے۔ ایف آئی اے نے ان افراد کو موقع پر ہی گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات کے بعد مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔
مزید پڑھیں: ایف آئی اے نوجوانوں کی پروفائلنگ کیوں کر رہی ہے؟
ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائی انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری قومی مہم کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کی سرزمین کو غیر قانونی سرگرمیوں سے محفوظ رکھنا ہے۔