ایک مختصر، دلچسپ اور غیرمعمولی حد تک دیانت دار استعفیٰ نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے جسے لنکڈ اِن پر شیئر کیا گیا ہے۔ یہ استعفیٰ ایک ملازم کی جانب سے کمپنی کو بھیجا گیا ہے جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔
استعفیٰ کی ای میل شبھم گونے نے شیئر کی جو ممبئی کی برانڈ ’ہنگلش‘ کے بانی اور سی ای او ہیں۔ انہوں نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ایماندارانہ استعفیٰ‘ اور اس میں استعفیٰ کا اسکرین شاٹ شامل کیا جس میں لکھا تھا کہ ’سر میں بک گیا، سامنے والی کمپنی 4 پیسے زیادہ دے رہی ہے‘۔

صرف دو سطروں میں بھیجنے والے نے صاف الفاظ میں اپنی استعفیٰ کی وجہ بتا دی کہ وہ اُس کمپنی میں جا رہا ہے جو زیادہ پیسے دے رہی ہے۔ اس پر سوشل میڈیا صارفین نے اس شخص کی دیانتداری کو سراہا اور کہا کہ یہ سب سے سیدھا سادہ استعفیٰ ہے جو انہوں نے پہلی بار دیکھا۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ یہ وہی الفاظ ہیں جو وہ اپنی ای میل میں لکھنا چاہتے ہیں۔
ایک صارف نے طنزاً لکھا کہ مینجر نے استعفیٰ دیکھتے ہی کہا ہو گا کہ ادھر کوئی جگہ خالی ہوئی تو مجھے بھی بتانا۔ جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ ایمانداری سب سے بہترین پالیسی ہے۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ یہ آج تک کا سب سے بہترین استعفیٰ ہے جو اس شخص کی جانب سے دیا گیا ہے۔













