بھارت اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ اسٹیڈیم میں جاری چوتھے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا آغاز پاکستان کے مایہ ناز سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم نے روایتی پانچ منٹ کی گھنٹی بجا کرکیا۔
یہ اعزاز ہر روز کسی معروف سابق کرکٹر یا ممتاز شخصیت کو دیا جاتا ہے تاکہ میچ کے آغاز سے قبل شائقین کی توجہ مرکوز کی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ: بھارت نے 5 سینچریاں بنانے کے باوجود شکست کا نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا
وسیم اکرم سے قبل دوسرے روز انگلینڈ کے سابق کرکٹر نیل فیئربرادر نے یہ روایت نبھائی، جبکہ پہلے دن ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کھلاڑی کلائیو لائیڈ اور بھارت کے سابق وکٹ کیپر فرخ انجینئر نے مشترکہ طور پر گھنٹی بجا کر کھیل کا آغاز کیا۔
Pakistan and Lancashire legend @wasimakramlive rings the bell to get play underway on day three at EOT! 🐐🌹❤️#ENGvIND pic.twitter.com/fo7fr3kNzZ
— Emirates Old Trafford (@EmiratesOT) July 25, 2025
پہلے دن ہی ان دونوں غیر ملکی کھلاڑیوں کے اعزاز میں اولڈ ٹریفورڈ میں ایک نیا اسٹینڈ بھی ان کے نام سے منسوب کیا گیا، جنہوں نے لانکاشائر کاؤنٹی کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیائے کرکٹ کا سب سے بڑا مقابلہ، سب سے بڑے گراؤنڈ پر
واضح رہے کہ 5 میچوں پر مشتمل اس ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ کو 2-1 کی برتری حاصل ہے۔ انگلینڈ نے پہلا ٹیسٹ ہیڈنگلے میں 5 وکٹوں سے جیتا، جبکہ بھارت نے دوسرے ٹیسٹ میں ایجبسٹن کے میدان پر 336 رنز کی بھاری فتح حاصل کر کے سیریز برابر کی، تیسرے ٹیسٹ میں ایک بار پھر انگلینڈ نے لارڈز میں فتح اپنے نام کی اور سیریز میں سبقت حاصل کی۔
دونوں ٹیموں کے مابین چوتھا ٹیسٹ اولڈ ٹریفورڈ میں جاری ہے، جہاں دونوں ٹیمیں سیریز کے نتیجے کو برابر کرنے یا سبقت برقرار رکھنے کے لیے کوشاں ہیں۔ شائقین کرکٹ کی نظریں اس اہم مقابلے پر جمی ہوئی ہیں۔