اسلام آباد میں گدھے کے گوشت کا معاملہ: غیر ملکی شہری کے خلاف مقدمہ درج

اتوار 27 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کے نواحی علاقے ترنول میں گدھے کا گوشت برآمد ہونے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستانی گدھے چائنا بھیجے جائیں گے، مگر کیوں اور کیسے؟

پولیس نے کارروائی کے دوران موقع پر موجود غیر ملکی شہری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر مقامی افراد کی تلاش جاری ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ایک روز قبل فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کر 25 من گدھے کا گوشت برآمد کیا تھا، جسے فوری طور پر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ فارم ہاؤس سے 50 سے زائد زندہ گدھے بھی پکڑے گئے تھے۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق، ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ گوشت مخصوص مقامات پر ترسیل کیا جا رہا تھا، اور شبہ ہے کہ اسے تجارتی بنیادوں پر فروخت کیا جا رہا تھا۔

یہ  بھی پڑھیں:اسلام آباد میں گدھے کا گوشت فروخت ہونے کا انکشاف، 25 من گوشت، 60 زندہ گدھے برآمد

ترجمان نے مزید بتایا کہ مقامی سہولت کاروں اور ممکنہ خریداروں کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش جاری ہے۔

واقعے نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی اس کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور قانون کی مکمل گرفت میں لایا جائے گا۔

اسلام آباد فوڈ اتھارٹی اور پولیس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں ایک مرتبہ پھر غیر معیاری اور غیر قانونی گوشت کی فروخت پر سوالات اٹھے ہیں، جس پر متعلقہ ادارے مزید چھاپے اور کڑی نگرانی کا عندیہ دے رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp