پاکستان اسپورٹس بورڈ کا بڑا فیصلہ، اولمپک میڈل جیتنے پر انعامی رقم 3 کروڑ کردی گئی

اتوار 27 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے قومی کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقوم میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ اس حوالے سے نئی ’ری وائزڈ کیش ایوارڈ پالیسی‘ 34ویں بورڈ اجلاس میں باضابطہ طور پر منظور کر لی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی پالیسی کے تحت اب اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی کو 3 کروڑ روپے دیے جائیں گے، جبکہ پہلے یہ انعامی رقم ایک کروڑ روپے تھی۔ سلور میڈل کے لیے انعامی رقم 2 کروڑ اور برانز میڈل کے لیے ایک کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے ارشد ندیم سمیت 36 کھلاڑیوں میں کیش انعامات تقسیم

ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے والے کھلاڑی کو اب ایک کروڑ 50 لاکھ روپے، سلور میڈل پر 70 لاکھ اور برانز میڈل پر 50 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

اسی طرح کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے پر 75 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ اسنوکر ورلڈ چیمپیئن شپ کے فاتح کو 15 لاکھ جبکہ ایشین چیمپیئن شپ میں کامیابی پر 7 لاکھ 50 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

نئی پالیسی میں اسکواش کھلاڑیوں کے لیے بھی خصوصی اعلان کیا گیا ہے، جس کے مطابق برٹش اوپن یا اس کے مساوی عالمی سطح کے ایونٹ میں فتح پر ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں اسپورٹس انفراسٹرکچر کی بدحالی کی وجوہات کیا ہیں؟

اس پالیسی کا مقصد قومی سطح پر ایتھلیٹس کو مزید حوصلہ دینا، بین الاقوامی سطح پر بہتر کارکردگی کے لیے تیار کرنا اور پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کو تقویت دینا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp