بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نوجوان کپتان شبھمن گل نے انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی لیجنڈ محمد یوسف کا 19 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ گل نے چوتھے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں سنچری اسکور کر کے ایک ٹیسٹ سیریز میں ایشیائی بیٹر کی حیثیت سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی 669 رنز کی بھاری پہلی اننگز کے جواب میں بھارت نے مضبوط واپسی کی، جس میں شبھمن گل اور کے ایل راہول کے درمیان 181 رنز کی شاندار شراکت نے مرکزی کردار ادا کیا۔ شبھمن گل نے 238 گیندوں پر 103 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 12 دلکش چوکے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے 19 سالہ کرکٹر سیم کونسٹاس 71 سالہ ریکارڈ توڑنے کو تیار
2006 میں محمد یوسف نے انگلینڈ کے دورے کے دوران 4 ٹیسٹ میچوں کی 7 اننگز میں 90.14 کی اوسط سے 631 رنز اسکور کیے تھے، جن میں تین سنچریاں اور ایک ڈبل سنچری شامل تھی۔ یہ کسی بھی ایشیائی بیٹر کی جانب سے ایک سیریز میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ تھا۔
اب شبھمن گل نے اسی طرح کی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 میچوں میں تین سنچریوں اور ایک ڈبل سنچری کی مدد سے 700 سے زائد رنز بنائے، جن میں 269 رنز ان کی سب سے بڑی اننگز ہے۔
انگلینڈ میں ایک ٹیسٹ سیریز کے دوران سب سے زیادہ رنز بنانے والے ایشیائی بیٹرز میں اب شبھمن گل سرفہرست ہیں، جب کہ بھارت کے راہول ڈریوڈ نے 2002 میں 602 رنز اور ویرات کوہلی نے 2018 میں 593 رنز بنائے تھے۔ سنیل گواسکر نے 1979 میں 542 رنز کے ساتھ یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
بھارتی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے ایک سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی اب شبھمن گل کے نام ہے۔ انہوں نے ویرات کوہلی کا 655 رنز کا سابقہ ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کا نیا کارنامہ، یہ ریکارڈ بنانے والے پہلے بھارتی کھلاڑی بن گئے
شبھمن گل اب سنیل گواسکر کے بھارت کی جانب سے کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ رنز (732 بمقابلہ ویسٹ انڈیز، 1978) کے ریکارڈ کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔