فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر امن ممکن نہیں، سعودی وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ میں دوٹوک مؤقف

منگل 29 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ امن اور سلام کا قیام اس وقت تک ممکن نہیں جب تک فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق اور مکمل خودمختار ریاست کا حق نہ دیا جائے۔

اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طاقت کے زور پر صورتحال مسلط کرنے سے نہ امن قائم ہوگا اور نہ ہی سلامتی میسر آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، ولی عہد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال

شہزادہ فیصل نے فلسطینی صدر محمود عباس کے امن کے لیے خلوص اور اصلاحاتی کوششوں کی تعریف کی اور فلسطینی حکومت کی وحدت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب فلسطینی اتھارٹی کو مختلف شعبوں میں مضبوط بنانے کے لیے مستقل تعاون کر رہا ہے تاکہ فلسطینی عوام اپنی سرزمین پر ایک باوقار زندگی گزار سکیں۔

وزیر خارجہ نے عالمی بینک گروپ کے اس فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا جس کے تحت فلسطین کو سالانہ 300 ملین ڈالر کی گرانٹ دی جا رہی ہے جسے غزہ اور مغربی کنارے کی تعمیر و ترقی کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب 2 دہائیوں سے زائد عرصے سے عرب امن منصوبے کی بنیاد پر ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت میں مسلسل کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے فرانس کی جانب سے فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے عزم کو سراہتے ہوئے دیگر ممالک سے بھی اس ذمہ دارانہ اقدام کی پیروی کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیے: پاک بھارت جنگ بندی میں شہزادہ محمد بن سلمان کا کردار اور سعودی ڈیجیٹل انقلاب

شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ دو ریاستی حل کے نفاذ کے بغیر مشرقِ وسطی میں پائیدار امن اور استحکام ممکن نہیں۔ سعودی عرب عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اس تاریخی موقع پر مؤثر اور فیصلہ کن اقدام کرے تاکہ خطے کو تشدد اور بے یقینی کے دائرے سے نکالا جا سکے۔

یہ خطاب سعودی عرب کی قیادت کی مسئلہ فلسطین کے حوالے سے مستقل اصولی پالیسی اور عالمی سطح پر فلسطینی عوام کی حمایت کے عزم کا واضح اظہار تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp