حکومتِ پاکستان نے فلسطینی عوام کی فوری امداد کے لیے ہنگامی امدادی پیکج کا اعلان کردیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعظم پاکستان کی خصوصی ہدایت پر کیا گیا۔
قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) 100 ٹن امدادی سامان 2 کارگو طیاروں کے ذریعے روانہ کرے گا۔ امدادی پروازیں آئندہ 2 دنوں کے اندر روانہ ہوں گی۔
حکومت پاکستان کا فلسطین کیلئے فوری امدادی پیکج کا اعلان!
وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی فلسطین کے مصیبت زدہ عوام کیلئے فوری امدادی سامان بھجوائے گا۔ 100 ٹن پر مشتمل دو کارگو طیاروں کے ذریعے ضروری راشن اور امدادی سامان اگلے 48 گھنٹوں میں روانہ ہو گا-— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) July 29, 2025
حکومتی اعلامیے کے مطابق امدادی سامان خصوصی پروازوں کے ذریعے اردن اور مصر کے راستے فلسطینی علاقوں تک پہنچایا جائے گا، تاکہ محصور فلسطینیوں تک بروقت مدد پہنچائی جا سکے۔
امدادی پیکج کی ترسیل اور روانگی کی نگرانی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار خود کریں گے، جبکہ اردن اور مصر میں تعینات پاکستانی سفیر اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ امدادی سامان محفوظ اور مؤثر انداز میں فلسطینی علاقوں تک پہنچے۔
حکومت پاکستان نے اس موقع پر ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت جاری رکھے گی۔