ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان 2 اگست بروزِ ہفتہ 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے۔ ایرانی صدر کے سیاسی مشیر مہدی سنائی نے اس دورے کی تصدیق کردی ہے۔
مہدی سنائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ڈاکٹر پزشکیان کو یہ دعوت وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے دی گئی ہے۔ ان کے دورے کے دوران اعلیٰ سطحی سرکاری ملاقاتیں اور ثقافتی و تجارتی شخصیات سے گفتگو بھی متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کی کچھ یادیں
انہوں نے مزید کہا کہ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی، مذہبی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا ہے، جبکہ صوبائی اور سرحدی تعاون کو مزید بڑھانا اور تجارتی تبادلے کو موجودہ 3 ارب ڈالر سے آگے لے جانا بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ یہ دورہ اصل میں جولائی کے آخری ہفتے میں ہونا تھا تاہم اسے اب اگست کے اوائل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
#دکتر_پزشکیان عصر شنبه ۱۱مرداد به دعوت آقای #شهباز_شریف به پاکستان میرود.دیدارهای رسمی و گفتگو بانخبگان فرهنگی و تجاری در برنامه است. روابط دوکشور دارای ابعاد سیاسی،اقتصادی،دینی وفرهنگی است و توسعه همکاریهای استانی و مرزی و ارتقای مبادلات از ۳ میلیارد دلار کنونی ازاهداف سفراست. pic.twitter.com/gMK4urab90
— Mehdi Sanaei (@Mehdi_Sanaei_) July 30, 2025
ڈاکٹر پزشکیان گزشتہ 2 برسوں میں پاکستان کا دورہ کرنے والے دوسرے ایرانی صدر ہوں گے۔ اس سے قبل اپریل 2024 میں مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے ہیلی کاپٹر حادثے سے ایک ماہ قبل پاکستان کا 3 روزہ سرکاری دورہ کیا تھا، جس میں انہوں نے اسلام آباد کے علاوہ لاہور اور کراچی کا بھی دورہ بھی شامل تھا۔
دوسری جانب پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی کچھ روز قبل تصدیق کی تھی کہ ایرانی صدر جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔