ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ پاک ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان پاکستان کے 2 روزہ دورے پر ہیں، جنہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے گفتگو کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ سمیت دیگر عالمی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایرانی صدر مسعود پزشکیان لاہور سے اسلام آباد پہنچ گئے، صدر، وزیراعظم سے ملاقاتیں طے
ایرانی صدر نے کہاکہ سرحدی منڈیاں اور رابطے نئی راہیں کھول سکتے ہیں، ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں فعال شرکت کے خواہاں ہیں۔ اس منصوبے سے ایران کو یورپ سے جوڑنے کا موقع مل سکتا ہے۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ پاک ایران تعلقات تاریخی ہیں، جنہیں مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایرانی صدر اپنے دو روزہ دورے کے دوران لاہور ایئرپورٹ پر پہنچے جہاں پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔
ایرانی صدر نے لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی جس کے بعد اسلام آباد روانہ ہوئے۔ اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران ہمسایہ ممالک سے گہرے تعلقات کا خواہاں ہے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان
ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان دورے کے دوران صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور اعلیٰ عسکری قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔