رومانیہ میں مشہور سیاحتی شاہراہ ’ٹرانسفیگرسان ہائی وے‘ پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک اطالوی موٹرسائیکل سوار کو ریچھ کو کھانا کھلانے کی کوشش مہنگی پڑ گئی۔ ریچھ نے اُسے حملہ کرکے ہلاک کر دیا اور لاش کو گھسیٹ کر جنگل میں لے گیا۔
متوفی کی شناخت عمر فارانگزن کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنی موٹرسائیکل پر اس بلند و بالا اور خطرناک سڑک پر سیر کر رہا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق عمر نے ریچھ کے قریب جا کر اُسے کھانا پیش کیا، جس کے بعد ریچھ نے حملہ کر دیا۔
رومانیہ کے محکمہ جنگلات کے ڈائریکٹر آرماند چیریلویو نے تصدیق کی کہ عمر نے موٹرسائیکل روک کر ریچھ کو کھانا دیا اور اس دوران اُس نے قریبی تصاویر بھی بنائیں، جو اُس کے موبائل سے برآمد ہوئیں۔ ان تصاویر میں ریچھ قریب آتا ہوا نظر آتا ہے، جس کے بعد حملہ ہوا۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں کالے ریچھ پر تشدد کی ویڈیو وائرل، وفاقی وزیر مصدق ملک کا نوٹس
واقعہ کے بعد جب امدادی ٹیم موقع پر پہنچی تو انہیں عمر کی لاش ملی، جو بری طرح نوچی ہوئی تھی۔ لیکن سب سے خوفناک لمحہ وہ تھا جب اسی ریچھ نے امدادی ٹیم کا پیچھا بھی کیا۔ ریسکیو ٹیم کے رکن ڈریگوس اونیا آرجیس کے مطابق ’ریچھ مسلسل ہمارا پیچھا کرتا رہا، وہ بہت مضطرب تھا اور کئی بار حملہ کرنے کی کوشش بھی کی۔
حکام کے مطابق متاثرہ ریچھ کو بعد ازاں ہلاک کر دیا گیا، تاکہ علاقے میں مزید خطرات سے بچا جا سکے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرمیوں کے موسم میں ریچھ اپنی مکمل حرکت میں آ چکے ہیں، خاص طور پر مادہ ریچھ اپنے بچوں کے ساتھ موجود ہوتی ہیں اور ان کے رویے میں جارحیت زیادہ ہوتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ریچھ دوست کی شکل والے ضرور لگ سکتے ہیں، لیکن وہ ہرگز دوست نہیں ہوتے۔
جنگلی جانوروں سے فاصلہ رکھیں، اور کبھی بھی انہیں خوراک دینے کی کوشش نہ کریں۔ یہ عمل نہ صرف انسان بلکہ جانوروں کے لیے بھی خطرناک ہے۔