ٹیلی وژن کی معروف میزبان، اداکارہ اور سابق وی جے انوشے اشرف نے حال ہی میں اپنی شادی کی دلچسپ کہانی سنائی کہ کیسے وہ اپنے شوہر سے ملیں اور پھر شادی کے لیے راضی ہوئیں۔
انوشے اشرف نے ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی اور اپنی شادی کی کہانی بھی سنائی۔ اداکارہ نے بتایا کہ ہماری مائیں ایک ہی ایرانی کمیونٹی سے تعلق رکھتی ہیں، جس میں شیرازی، خراسانی، اور اصفہانی گروپس شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس بچپن کی ایک تصویر بھی ہے جب ہمارے خاندان پہلی بار ملے تھے۔ اب میرے شوہر مذاق کرتے ہیں کہ اس تصویر میں پہلے سے ہی میری شادی کا منصوبہ دکھائی دیتا ہے کیونکہ میں خوش نظر آ رہی ہوں جبکہ وہ ڈرا ہوا لگ رہا ہے۔
انوشے اشرف کا کہنا تھا کہ 2020 میں لاک ڈاؤن سے قبل مجھے برطانیہ جانا تھا، والدہ کو بھی ساتھ لے گئی تھی جب وہاں پہنچے تو شہاب کی والدہ نے انہیں کھانے کی دعوت دی، اس دوران شہاب بھی اتفاقاً وہاں موجود تھے کیونکہ وہ والدین کے ساتھ نہیں رہتے تھے۔
اداکارہ کے مطابق جب شہاب نے مجھے دیکھا تو وہ حیران رہ گئے اور پوچھا کہ شادی نہیں ہوئی میں نے بتایا کہ نہیں ہوئی پھر ہم نے واٹس ایپ نمبرز کا تبادلہ کیا اور رابطے میں رہے، پھر لاک ڈاؤن ہوا۔ ہم نے کچھ بار فیس ٹائم کیا، بعد میں لندن میں چھٹیوں کے دوران دوبارہ ملے، اور بالآخر شادی کر لی۔
یہ بھی پڑھیں: انوشے اشرف رشتہ ازدواج میں منسلک، دولہا کون ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر رئیل اسٹیٹ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور کیمسٹری میں تعلیم حاصل کی ہے، ان کے والد ریاض میں کام کرتے تھے اور بعد میں برطانیہ منتقل ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ انوشے نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کم عمری میں کیا تھا۔ وہ پہلی بار انڈس میوزک/ایم ٹی وی پاکستان کے میوزیکل شوز اور لائیو ٹرانسمیشنز میں نظر آئیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’گلوں میں رنگ بھرے‘ انوشے عباسی کے لہنگا چولی فوٹو شوٹ کے چرچے؟
ان کا شمار پاکستان میں وی جیز کی پہلی کھیپ میں ہوتا ہے۔ انوشے کو اپنی اسٹائلش اور بولڈ شخصیت کی وجہ سے بہت سراہا جاتا ہے۔ وہ ڈان نیوز کے مشہور مارننگ شو ’چائے، ٹوسٹ اور ہوسٹ‘ کی میزبان بھی تھیں۔
اداکارہ انوشے اشرف کی شادی کی تقریبات کا آغاز اس سال اپریل میں ترکیہ میں ہوا تھا جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔ جنہیں صارفین نے خوب پسند کیا تھا۔