وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کسانوں کی سہولت اور زرعی ترقی کے لیے ایک اور اہم اور انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ زراعت پنجاب اور جی سی آئی کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے گئے، جس کی تقریب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف خود شریک ہوئیں۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان، بہاولپور، سرگودھا اور ساہیوال میں قائم کیے جانے والے ماڈل ایگریکلچر مالز کا انتظام جی سی آئی کے سپرد ہوگا، جہاں کسانوں کو “ون سٹاپ سلوشن” کے تحت تمام ضروری خدمات ایک چھت تلے میسر آئیں گی۔
مزید پڑھیں: چھوٹے کسانوں کے لیے قرضوں کی فراہمی آسان بنائی جائے، وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ یہ چاروں ماڈل ایگریکلچر مالز اگلے 45 دن میں مکمل طور پر فنکشنل کر دیے جائیں۔ ان مراکز پر زرعی مداخل، قرضہ جات، جدید زرعی مشینری، ٹریکٹرز، اور دیگر خدمات مہیا کی جائیں گی۔ مشینی کاشت کو فروغ دینے کے لیے جدید ترین زرعی مشینری کرائے پر بھی دستیاب ہوگی، جب کہ ڈرون سپرے جیسی جدید سہولیات بھی کسانوں کو میسر آئیں گی۔
وزیراعلیٰ نے مزید اعلان کیا کہ آئندہ مرحلے میں مزید 10 اضلاع میں بھی ماڈل ایگریکلچر مالز قائم کیے جائیں گے تاکہ کاشتکاروں کے مسائل کا حل اور ان کی ضروریات کا حصول آسان بنایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: شدید بارشوں میں اچھی خبر: چھوٹے کسانوں کے لیے آسان قرضوں کی فراہمی کا فیصلہ
مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ماڈل ایگریکلچر مالز کے قیام سے کسان کو اب نہ مڈل مین کا سہارا لینا پڑے گا، نہ ہی جگہ جگہ خوار ہونا پڑے گا۔ ہم کسان بھائیوں کے ساتھ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ کسان کی ترقی، دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختصر عرصے میں کاشتکاروں کے لیے ریکارڈ اقدامات کیے گئے ہیں اور ان اقدامات نے ثابت کیا ہے کہ کسان حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عملی اور تاریخی فیصلوں کو کسان دوستی کا مظہر قرار دیا۔