وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کو بیوروکریسی سے متعلق بات نہیں کرنی چاہیے تھی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ تو ہمارا المیہ ہے کہ ہر جگہ کرپشن ہے، خواجہ آصف نے اگر تعداد زیادہ بتا دی ہے تو اسے کم کرلیں لیکن یہ حقیقت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خواجہ آصف کے وزارت سے مستعفی ہونے کی خبریں، وزیر دفاع خود بول پڑے
رانا ثنااللہ نے کہاکہ اے ڈی سی آر سیالکوٹ پر کرپشن کا الزام ہے، جس پر کسی نے ثبوتوں کے ساتھ وزیراعلیٰ مریم نواز کو آگاہ کیا تو انہوں نے کارروائی کا حکم دیا۔
انہوں نے کہاکہ اگر مبینہ کرپشن پر کسی کی گرفتاری ہوئی ہے تو اس میں خواجہ آصف کیوں ناراض ہوں گے، وہ تو یہی کہیں گے کہ میرٹ پر فیصلہ ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کی آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں جائیدادیں خرید چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ نامی گرامی بیوروکریٹس شہریت لینے کی تیاری کررہے ہیں، یہ مگرمچھ ہیں جو اربوں روپے کھا کر آرام سے ریٹائرمنٹ کے بعد زندگی گزارتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاستدان تو ان کا بچا کھچا کھاتے ہیں اور پھر چولیں مارتے ہیں۔ یہ بیوروکریسی پاک سرزمین کو پلید کررہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’پرتگال میں جائیدادیں، اربوں کی سلامی‘ خواجہ آصف کا بیوروکریسی پر سنگین الزام
وزیر دفاع خواجہ آصف کے اس بیان پر جہاں ملک بھر میں بحث ہورہی ہے وہیں بیوروکسی میں بھی ان کے بیان کو لے کر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔