فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے جاری کردہ انکم ٹیکس سرکلر کے مطابق مالی سال 26-2025 کے دوران آئی ٹی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح بدستور 4 فیصد ہی رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت تعلیم چینی ٹیک کمپنی ہواوے کے اشتراک سے پاکستانی طلبا کو آئی ٹی ٹریننگ فراہم کرے گی
سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ فائنانس ایکٹ 2025 سے قبل انکم ٹیکس آرڈیننس کی شق 153 کے تحت غیر درجہ بند خدمات پر کمپنیوں کے لیے 9 فیصد اور دیگر کے لیے 11 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس لاگو تھا، اس کے علاوہ، کھلاڑیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 10 فیصد مقرر تھی۔
اسی طرح، شق 152 اور 153 کے تحت مخصوص خدمات پر 4 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جاتا تھا، فائنانس ایکٹ 2025 کے ذریعے غیر مخصوص خدمات اور کھلاڑیوں پر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح یکساں طور پر 15 فیصد مقرر کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت کے آئی ٹی پروگرامز: معیار کیا ہے، مارکیٹ کتنا مستفید ہو رہی ہے؟
مزید یہ کہ، شق 152 کے تحت مخصوص خدمات پر شرح 4 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد، اور شق 153 کے تحت 4 فیصد سے بڑھا کر 6 فیصد کر دی گئی ہے، تاہم، آئی ٹی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات اس اضافے سے مستثنیٰ ہیں اور ان پر بدستور 4 فیصد کی شرح برقرار رہے گی۔