بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی کے کزن آصف قریشی کو دہلی کے نظام الدین علاقے میں پارکنگ کے تنازعے کے بعد چھرا گھونپ کر قتل کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی رات تقریباً 10 بجے بھوگال بازار لین، جانگپورہ میں پیش آیا، جب آصف نے دو نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنی اسکوٹی ہٹائیں جو ان کے گھر کے دروازے کے سامنے کھڑی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدا میں دونوں ملزمان موقع سے چلے گئے لیکن بعد میں واپس آ کر آصف کو چھرا گھونپ دیا۔ پولیس کو تقریباً 7 اگست کو رات 10:30 بجے اطلاع ملی۔ پولیس موقع پر پہنچ کر آصف کو شدید زخمی اور خون میں لت پت پایا۔ اسے فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’آج تم سب مرجاؤ گے‘، اداکارہ نرگس فخری کی بہن قتل کے الزام میں گرفتار
پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور قتل کا ہتھیار بھی برآمد کر لیا ہے۔ نوجوانوں کی شناخت اجوال (19) اور گوتام (18) کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان علاقے کے رہائشی تھے اور مقتول کے گھر کے چند گھروں کے فاصلے پر رہتے تھے۔ پولیس افسر نے بتایا کہ تنازعہ بہت جلد شدت اختیار کر گیا اور آصف کو اس جھگڑے کے دوران چھرا گھونپ دیا گیا۔ مزید تفتیش کی جا رہی ہے تاکہ واقعہ کی مکمل کہانی اور ہر ملزم کے کردار کا پتہ چل سکے۔
آصف کی بیوی شاہین آصف قریشی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’میرے شوہر کو جان بوجھ کر قتل کیا گیا ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا، ’یہ محض لڑائی نہیں تھی یہ جان بوجھ کر کیا گیا قتل تھا‘۔
یہ بھی پڑھیں: ’لارنس بشنوئی کو بلاؤں کیا‘، نامعلوم شخص کی سلمان خان کو سیٹ پر دھمکی
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 9:30 سے 10 بجے کے درمیان ایک پڑوسی نے ان کے گھر کے باہر سکروٹر کھڑی کی۔ آصف نے اسے ہٹانے کو کہا، لیکن اس شخص نے انہیں گالیاں دیں اور دھمکایا کہ وہ واپس آئے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہین نے بتایا کہ انہوں نے اپنے بہنوئی کو فون کیا، لیکن جب وہ پہنچے تو آصف کا کافی خون نکل چکا تھا۔ ’ہم اسے نیشنل ہارٹ انسٹیٹیوٹ، ایسٹ آف کیلاش لے گئے لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا انہوں نے کہا کہ وہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ پہلے ہی فوت ہو چکے تھے‘۔