پاکستان نے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی مضبوط وابستگی کے تحت غزہ کے مظلوم عوام کے لیے امدادی سامان کی 18ویں کھیپ روانہ کردی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی جانب سے غزہ کے عوام کے لیے امدادی سامان کی 17ویں کھیپ روانہ
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کی قیادت میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ تقریب میں یہ کھیپ روانہ کی گئی، جس میں خشک راشن پیک، کھانے پینے کی اشیا اور ادویات شامل تھیں۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے متعلقہ شراکت داروں کے ساتھ مل کر اس کھیپ کی روانگی کو یقینی بنایا۔
تقریب میں وزارت خارجہ، این ڈی ایم اے کے سینیئر حکام اور پاکستان میں فلسطین کے سفیر بھی موجود تھے۔
اس روانگی کے ساتھ پاکستان کی غزہ کے لیے کل امدادی سامان کی مقدار ایک ہزار 518 ٹن تک پہنچ گئی ہے، جو پاکستان کی غزہ کی عوام کے ساتھ مسلسل یکجہتی اور حمایت کی نمائندگی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں بھوک سے مزید 6 افراد شہید، متحدہ عرب امارات اور اردن نے امداد کی فضائی ترسیل شروع کردی
ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ حکومت پاکستان نے 1967 سے قبل کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو، جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہے۔