وزن کم کرنے کے لیے نئی مؤثر گولی آگئی، ایف ڈی اے منظوری رواں سال متوقع

اتوار 10 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیو یارک کی ایلی للی کمپنی کی تیار کردہ وزن کم کرنے کی نئی گولی ’اورفوگلیپرون‘ نے ابتدائی طبی آزمائش میں حوصلہ افزا نتائج دیے ہیں۔ 72 ہفتوں کے مطالعے میں زیادہ سے زیادہ خوراک لینے والے شرکا نے اوسطاً 27.3 پاؤنڈ یعنی 12.4 فیصد جسمانی وزن کم کیا۔

کمپنی کے مطابق رواں سال کے آخر تک امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) سے اس دوا کی منظوری کے لیے درخواست دی جائے گی۔ اگر منظوری مل گئی تو یہ گولی موٹاپے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے علاج میں استعمال ہونے والے انجیکشنز جیسے ویگووی، اوزیمپک، زیپ باؤنڈ اور مونجارو کا آسان متبادل ثابت ہوسکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: درمیانی عمر میں وزن میں کمی انسانی زندگی میں برسوں کا اضافہ کرسکتی ہے، تحقیق

ایلی للی کے کارڈیو میٹابولک ہیلتھ کے صدر کینیٹھ کَسٹر نے کہا کہ گولیاں بنانا نسبتاً آسان ہے اور انہیں بڑے پیمانے پر تیار کیا جاسکتا ہے، خاص طور پر ان ممالک کے لیے جہاں دواؤں کے انجیکشن کے لیے درکار کولڈ اسٹوریج کی سہولت موجود نہیں۔

یہ دوا جی ایل پی-1 کلاس کی ادویات میں شامل ہے جو پیٹ بھرنے کا احساس بڑھا کر اور ہاضمہ سست کر کے وزن کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ مطالعے میں 3 ہزار 127 بالغ افراد شامل تھے جنہیں مختلف خوراکوں میں اورفوگلیپرون یا پلیسبو دی گئی۔ وزن میں کمی کے ساتھ ساتھ مریضوں میں کولیسٹرول، ٹرائی گلیسرائیڈز اور بلڈ پریشر میں بھی بہتری دیکھی گئی۔

مضر اثرات انجیکشن والی دواؤں سے ملتے جلتے تھے جن میں قے، اسہال، قبض اور بدہضمی شامل ہیں، ایلی للی اس دوا کو ذیابیطس کے علاج کے لیے 2026 میں مارکیٹ کرنے کی بھی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گرمی کو شکست دینے والا اور وزن میں کمی لانے والا گیم چینجر مشروب

ماہرین کے مطابق اگرچہ اس گولی کا اثر کچھ انجیکشنز جتنا طاقتور نہیں ہو سکتا، لیکن کم قیمت اور آسان دستیابی کی وجہ سے یہ دنیا بھر میں کروڑوں افراد کے لیے مؤثر حل بن سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت تقریباً 80 لاکھ امریکی موٹاپے کی ادویات استعمال کر رہے ہیں، حالانکہ اندازاً 17 کروڑ افراد اس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، لیکن مہنگے اور پیچیدہ انجیکشنز اس میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ نئی گولی اس خلا کو پورا کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp