زیارت کے تفریحی مقام زرزری میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب مسلح افراد نے اسسٹنٹ کمشنر زیارت افضل باقی کو بیٹے سمیت بندوق کی نوک پر اغوا کرلیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تربت: اسسٹنٹ کمشنر تمپ محمد حنیف نورزئی اغوا، سرچ آپریشن جاری
عینی شاہدین کے مطابق افضل باقی اہلخانہ کے ہمراہ پکنک منانے آئے تھے کہ اچانک مسلح افراد نے گھیر لیا۔ اغوا کار اہلخانہ کو موقع پر ہی چھوڑ کر اے سی زیارت کو اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ ان کے گن مین اور ڈرائیور کو کچھ فاصلے پر آزاد کردیا۔
ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر کی سرکاری گاڑی کو بھی آگ لگا دی، واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز اور مقامی انتظامیہ نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں اغوا کی سنگین واردات، 11 میں سے 6 ملازمین بازیاب، سرچ آپریشن جاری
ڈپٹی کمشنر زیارت زکا اللہ درانی نے بتایا کہ اغوا کی اس واردات نے حکام کو شدید تشویش میں مبتلا کردیا ہے، اس سے قبل جون میں ضلع کیچ کی تحصیل تمپ کے اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئی کو بھی اسی طرح اغوا کیا گیا تھا۔