ترکمانستان کے سفیر اتاجان موولاموف نے آج وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے برادر ملک ترکمانستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ گزشتہ سال دونوں ممالک کے درمیان وزارتی سطح پر کئی اہم دورے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، صدر آصف زرداری
سفیر اتاجان موولاموف نے پاکستان کو ترکمانستان کا اہم تجارتی و سرمایہ کاری شراکت دار اور خطے میں ایک اہم ٹرانزٹ حب قرار دیتے ہوئے توانائی، ٹرانسپورٹ اور تعمیرات کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور تعاون کے امکانات پر بات کی۔
وزیر خزانہ و معیشت ترکمانستان، مامیتگلی استاناگولوف کی جانب سے سفیر موولاموف نے سینیٹر محمد اورنگزیب کو ستمبر کے وسط میں اشک آباد میں منعقد ہونے والے ترکمانستان انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کی دعوت دی، جو ترکمانستان کی آزادی کی 34ویں سالگرہ کی تقریبات کے ساتھ منسلک ہوگا۔