جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں عائشہ بھٹہ کو 10 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ تھانہ شادمان کو آگ لگانے کے کیس میں عدالت نے 12 ملزمان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ بری ہونے والوں میں سہیل خان، اویس، رفیع الدین، فرید خان، سلمان احمد، عبدالقادر، فیضان، طیب، سلطان، شاہد بیگ، ماجد علی اور بخت روان شامل ہیں۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے مزید 2 مقدمات میں بری کردیا ہے، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری کو 10،10 برس قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس کے قریب گاڑیاں جلانے کے مقدمات کا فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں سنایا۔
یہ بھی پڑھیں: شاہ محمود قریشی شیر پاؤ پل کیس میں بری، مقدمے کے دوران کب کیا ہوتا رہا؟
عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمودالرشید اور عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنماؤں صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو 5،5 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 9 مئی 2023 کو شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں بھی شاہ محمود قریشی بری ہو چکے ہیں، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری، عمر سرفراز چیمہ اور دیگر کو اس کیس میں بھی 10،10 برس قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے ملک گیر احتجاج کیا تھا، اس دوران ملک کی اہم فوجی تنصیبات پر دھاوا بولا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی، جس کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریاں ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: نگراں حکومت کی سانحہ 9 مئی سے متعلق رپورٹ میں پرویز الہیٰ اور شاہ محمود قریشی بری الذمہ قرار؟
9 مئی 2023 کے مقدمات میں پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں اور کارکنوں کو فوجی عدالتوں سے بھی سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔