امریکا نے کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کی ذیلی تنظیم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشتگرد تنظیمیں قرار دے دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور اس کے عرفی نام مجید بریگیڈ کو باضابطہ طور پر ’فارن ٹیررسٹ آرگنائزیشن‘ (ایف ٹی او) قرار دے دیا ہے، مجید بریگیڈ کو بی ایل اے کا ’الیاس‘ تسلیم کرتے ہوئے اسے 2019 میں دی گئی ’اسپیشلی ڈیزگنیٹڈ گلوبل ٹیررسٹ‘ (ایس ڈی جی ٹی) فہرست میں بھی شامل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’را‘ کی پشت پناہی سے سرگرم بی ایل اے کے ہاتھوں پنجاب سے تعلق رکھنے والے 10 افراد اغوا
بی ایل اے کو 2019 میں متعدد دہشت گرد حملوں کے بعد ایس ڈی جی ٹی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ اس کے بعد بھی تنظیم نے کئی حملوں کی ذمہ داری قبول کی، جن میں مجید بریگیڈ کی جانب سے کیے گئے خودکش حملے بھی شامل ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق 2024 میں بی ایل اے نے کراچی ایئرپورٹ کے قریب اور گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر خودکش حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔ مارچ 2025 میں اس نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو ہائی جیک کرنے، 31 شہریوں اور سیکیورٹی اہلکاروں کو قتل کرنے اور 300 سے زائد مسافروں کو یرغمال بنانے کا اعتراف بھی کیا۔
محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کے دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا مظہر ہے۔ ’دہشتگرد تنظیموں کی نامزدگی ہمارے انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کا اہم حصہ ہے اور اس سے دہشت گرد سرگرمیوں کے لیے مالی و دیگر تعاون کو مؤثر انداز میں روکا جا سکتا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیں: ٹی ٹی پی، مجید بریگیڈ اور داعش کے خطرے کا نوٹس لیا جائے، پاکسانی مندوب کا سلامتی کونسل میں خطاب
یہ کارروائی امریکی امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کی شق 219 اور ایگزیکٹو آرڈر 13224 کے تحت کی گئی ہے۔ اس کا اطلاق فیڈرل رجسٹر میں اشاعت کے ساتھ ہی ہو جائے گا۔