ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور آسکر ایوارڈ یافتہ اسٹار انجلینا جولی اپنے تاریخی لاس اینجلس اسٹیٹ سے رخصت ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔ امریکی جریدے پیپل کے مطابق، انجلینا جولی نے اپنے 1913 میں تعمیر شدہ خوبصورت گھر فروخت کے لیے تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ جلد بیرونِ ملک منتقل ہونے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، 50 سالہ اداکارہ نے ہمیشہ لاس اینجلس میں مستقل رہائش اختیار کرنے سے گریز کیا، لیکن سابق شوہر بریڈ پِٹ کے ساتھ بچوں کی حوالگی کے معاہدے نے انہیں یہیں رہنے پر مجبور کیا۔
یہ بھی پڑھیے انجیلینا جولی اور بریڈپٹ کے درمیان طویل قانونی جنگ کا اصل سبب کیا نکلا؟
انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے درمیان تقریباً 8 سال تک جاری رہنے والی قانونی لڑائی دسمبر 2024 میں طلاق کے حتمی معاہدے کے بعد ختم ہوئی۔ دونوں کے 6 بچے ہیں: میڈوکس (24)، پیکس (21)، زہارا (20)، شیلو (19)، اور جڑواں بچے ناکس اور ویوین (17)۔
ذرائع کے مطابق، جولی اگلے سال ناکس اور ویوین کے 18 سال کے ہوتے ہی بیرونِ ملک منتقل ہو جائیں گی۔ وہ اس وقت کئی ممکنہ مقامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور قریبی دوستوں کو بتایا ہے کہ وہ لاس اینجلس چھوڑ کر سکون، پرائیویسی اور سیکیورٹی والے ماحول میں رہنا چاہتی ہیں۔
تاریخی گھر کا احوال
یہ شاندار گھر جولی نے 2017 میں 2 کروڑ 45 لاکھ ڈالر میں خریدا تھا۔ 11,000 مربع فٹ پر محیط اس اسٹیٹ میں 6 بیڈروم اور 10 باتھ روم ہیں۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ اسے 1916 میں مشہور فلم ڈائریکٹر سیسل بی ڈیمیل نے خریدا تھا۔ اس کے قریب والے مکان میں کبھی چارلی چیپلن رہتے تھے، اور بعد میں ڈیمیل نے دونوں جائیدادوں کو ملا کر ایک بنا دیا۔
ایک اور ذریعے کا کہنا ہے کہ جولی فروخت سے قبل مکان میں معمولی بہتریاں کر رہی ہیں تاکہ یہ اپنی اصل خوبصورتی کے ساتھ خریداروں کو پیش کیا جا سکے۔
لاس اینجلس چھوڑنے کی وجہ
جولی نے 2024 میں ’دی ہالی ووڈ رپورٹر‘ کو بتایا تھا کہ وہ صرف اس لیے لاس اینجلس میں رہ رہی ہیں کیونکہ طلاق کے باعث انہیں یہاں ہونا پڑ رہا ہے۔
’جب آپ کا بڑا خاندان ہو تو آپ چاہتے ہیں کہ انہیں پرائیویسی، سکون اور تحفظ ملے۔ لاس اینجلس میں وہ انسانیت اور خلوص نہیں ہے جو میں نے دنیا کے دوسرے حصوں میں دیکھا ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے کیا انجلینا جولی بڑھاپے سے خفا ہیں؟
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ بچوں کے بالغ ہونے کے بعد وہ زیادہ تر وقت کمبوڈیا میں گزاریں گی — وہی ملک جہاں سے انہوں نے 2002 میں اپنے سب سے بڑے بیٹے میڈوکس کو گود لیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ دنیا بھر میں اپنے خاندان کے افراد سے ملنے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں۔
جولی نے فروری میں سانتا باربرا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کہا تھا کہ کمبوڈیا ان کے دل میں ہمیشہ ایک خاص مقام رکھتا ہے اور وہ اسے اپنا اصل گھر مانتی ہیں۔