وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آج این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس میں ملک بھر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں اور آئندہ ممکنہ ہنگامی صورتحال کی تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں پیشگی اطلاع نظام کو فعال بنانے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ تعاون بڑھانے کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایات دیں کہ وہ موسمیاتی خطرات کے پیش نظر مربوط اقدامات کریں تاکہ نقصانات کو کم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: چترال سے لاہور تک طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ جاری
وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط اور مربوط بنائیں تاکہ متاثرین کی بحالی کے کام تیز اور مؤثر انداز میں مکمل ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ خطرے سے دوچار علاقوں میں رہنے والے عوام کو بروقت اور مؤثر پیشگی اطلاع دی جائے تاکہ جان و مال کے نقصانات سے بچا جا سکے۔