وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبے کو ایک سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی خود نگرانی کروں گا اور اسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا تاکہ علاقے کو کم لاگت اور ماحول دوست بجلی بلا تعطل فراہم کی جا سکے۔
منصوبے کا انفراسٹرکچر کلائیمیٹ ریزیلئینٹ ہوگا اور اس کی تعمیر میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے بتایا کہ وفاقی حکومت مکمل لاگت برداشت کرے گی۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پاور منصوبے کی منظوری، وزیراعظم کی 3 سال میں تکمیل کی ہدایت
اجلاس میں بتایا گیا کہ گلگت، سکردو اور دیامر میں سولر پارکس اور عمارتوں پر سولر پینلز نصب کیے جائیں گے، جن کے ساتھ بیٹری بیک اپ اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ کا نظام بھی ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے اس منصوبے کی تکمیل کے لیے قائم اسٹرینگ کمیٹی کی صدارت وزیرِ بجلی سردار اویس خان لغاری کو سونپ دی ہے۔ اس اقدام کو گلگت بلتستان میں بجلی کی فراہمی میں بہتری اور لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لیے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔