چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے وضاحت کی ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہونے کا نہیں کہا، بلکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گورننس کے مسائل حل کرنے اور امن قائم کرنے میں ناکام ہیں تو استعفیٰ دے دیں، عمران خان
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان اس بات کے خواہاں ہیں کہ صوبے میں کوئی آپریشن نہ کیا جائے، اور صوبائی حکومت بھی اس مؤقف کی حامی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ ان کے بیٹوں کو پاکستان آنے کی ضرورت نہیں، تحریک کے لیے وہ جیل میں رہتے ہوئے ہی کافی ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہاکہ گرینڈ الائنس میں مولانا فضل الرحمان اور جماعت اسلامی کو شامل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ اس اتحاد کا حصہ نہیں بنے۔
یہ بھی پڑھیں: علی امین گنڈاپور کی وجہ سے عمران خان جیل میں ہیں، کارکنان وزیراعلیٰ کے خلاف پھٹ پڑے
واضح رہے کہ کچھ روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ عمران خان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو مستعفی ہونے کا کہہ دیا ہے۔