وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں، لیکن اب وہ پائیدار امن کے خواہاں ہیں۔ تاہم پاکستان کے اندر کئی جنگیں ابھی باقی ہیں، جن میں حقیقی آزادی کی جنگ بھی شامل ہے۔
جشنِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں علی امین گنڈاپور نے کہاکہ قومی سطح پر ہم معرکہ حق منا رہے ہیں، مئی میں افواجِ پاکستان نے بھارت کا غرور خاک میں ملایا۔ ان کے مطابق افواجِ پاکستان نے دشمن کو زمینی، فضائی اور بحری محاذوں پر شکست دی، پاکستان کے بارے میں کسی کو غلط فہمی نہیں رہنی چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کے اندر دہشتگردی کے خاتمے، غربت سے نجات اور انصاف کی فراہمی جیسے محاذوں پر بھی جنگ جاری ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام دیگر صوبوں کے ساتھ مل کر ملک میں امن و ترقی کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام اور پارٹی نے جو مینڈیٹ دیا ہے، اس کی آئین و قانون کے دائرے میں پاسداری کروں گا اور صوبے و عوام کے حقوق کے تحفظ کی جنگ جاری رکھوں گا۔
انہوں نے کہاکہ قیامِ پاکستان میں خیبرپختونخوا کے عوام نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور یہی جذبہ آج ملکی استحکام اور ترقی کے لیے کارفرما ہے۔