محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار، کشمیر اور بالائی پنجاب کے چند مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گجرانوالہ، جہلم، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا اور ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر اضلاع میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں طوفانی بارشوں کا امکان، وزیراعلیٰ مریم نواز کا متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم
سندھ کے مختلف شہروں کراچی، حیدرآباد، بدین، سکھر، لاڑکانہ اور تھر پارکر میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔ تھرپارکر میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے ژوب، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، خضدار، گوادر، پسنی اور لسبیلہ سمیت کئی علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، سوات، دیر، چترال، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور کوہاٹ میں بھی بارش کے امکانات ہیں۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی مطلع ابر آلود رہے گا اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: مون سون 2025: بارشیں، اموات اور بڑھتے خطرات، حل کیا ہے؟
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، جہلم، مٹیاری، تھرپارکر، بارکھان، کوٹلی اور مظفرآباد سمیت مختلف شہروں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
اسلام آباد میں سب سے زیادہ بارش سید پور میں 75 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ تھرپارکر کے نگر پارکر میں 50 ملی میٹر بارش ہوئی۔
دوسری جانب ملک کے کئی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی، دالبندین، دادو اور جیکب آباد میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔