پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ سابق کپتان بابر اعظم کو اگلے سال ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں واپسی کا موقع اب بھی حاصل ہو سکتا ہے، مگر اس کے لیے انہیں اپنی بیٹنگ کے مخصوص پہلوؤں پر بہتری دکھانا ہوگی۔
بابر اعظم پچھلے سال کے اختتام کے بعد سے ٹی20 فارمیٹ میں قومی ٹیم کا حصہ نہیں رہے اور انہیں آئندہ سہ فریقی سیریز (یو اے ای، افغانستان) اور ایشیا کپ کے اسکواڈ سے بھی باہر رکھا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ون ڈے اور ٹی20 پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری، بابر اعظم اور محمد رضوان کی تنزلی
ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں انہوں نے ایک میچ میں 47 رنز بنائے لیکن باقی دونوں میچوں میں ناکام رہے جس کے باعث سلیکٹرز متاثر نہ ہو سکے۔
مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر کو اپنی بیٹنگ میں اسپن کے خلاف کھیل اور اسٹرائیک ریٹ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اور یہی چیزیں ٹیم مینجمنٹ نے ان کے سامنے رکھی ہیں۔
بابر کے پاس بی بی ایل (آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ) میں کھیلنے کا موقع ہے جہاں وہ دکھا سکتے ہیں کہ وہ ان پہلوؤں پر بہتری لا رہے ہیں۔ وہ اتنے بڑے کھلاڑی ہیں کہ نظرانداز نہیں کیے جا سکتے۔
کوچ نے واضح کیا کہ حالیہ عرصے میں جو کھلاڑی تیز اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کامیابی سے کھیل رہے ہیں، انہیں ہی موقع دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بطور مثال کہا کہ صاحبزادہ فرحان نے صرف 6 میچز میں 3 مرتبہ میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹی 20 کی نئی رینکنگ جاری، بابر اعظم اور محمد رضوان پیچھے رہ گئے
دلچسپ امر یہ ہے کہ بابر اعظم کے ساتھ ساتھ محمد رضوان کو بھی موجودہ اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا، اور 17 رکنی ٹیم میں ان بیٹسمینوں کو ترجیح دی گئی ہے جو تیز کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔