نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں مسلسل بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر660 ہوگئی ہے جبکہ ملک کے تمام صوبوں اور خطوں سے ہلاکتوں اور تباہی کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں خیبر پختونخوا میں ہوئیں جہاں392 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پنجاب میں 164، گلگت بلتستان میں 32، سندھ میں 29، بلوچستان میں 20، آزاد کشمیر میں 15 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیلاب متاثرین کے لیے وزیراعلیٰ کا اہم اعلان
جاں بحق ہونے والوں میں 394 مرد، 95 خواتین اور 171 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کی مجموعی تعداد 935 ہے، جن میں سب سے زیادہ پنجاب میں 582، خیبر پختونخوا میں 245، سندھ میں 40، گلگت بلتستان میں 37، آزاد کشمیر میں 24، بلوچستان میں 4 جبکہ اسلام آباد میں 3 افراد شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر 2,478 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ خیبر پختونخوا میں 500 جزوی اور 212 مکمل طور پر تباہ ہوئے، سندھ میں 54 جزوی اور 33 مکمل منہدم ہوئے۔ گلگت بلتستان میں 229 جزوی اور 368 مکمل مکانات تباہ ہوئے جبکہ آزاد کشمیر میں 567 جزوی اور 152 مکمل تباہ ہوئے۔
یہ بھی پڑھیے: سیلاب متاثرین کو امدادی رقوم کی ادائیگی کیسے ہوگی؟ خیبرپختونخوا حکومت نے بتا دیا
وفاقی دارالحکومت میں 64 مکانات جزوی اور ایک مکمل طور پر تباہ ہوا۔ پنجاب میں 215 مکانات جزوی اور ایک مکمل طور پر منہدم ہوا، جبکہ بلوچستان میں 69 مکانات جزوی اور 13 مکمل طور پر تباہ ہوئے۔
ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث مزید جانی و مالی نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔