نقل یا اتفاق؟ نئے پاکستانی ڈرامہ ‘معصوم’ کے مناظر اور کہانی پر سوالات اٹھنے لگے

منگل 19 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہم ٹی وی کے بینر تلے پیش کیا جانے والا نیا ڈرامہ سیریل ’معصوم‘ ناظرین کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ معروف اداکاروں سونیا حسین، میکال ذوالفقار اور عمران اشرف کی شاندار اداکاری سے مزین اس سیریل کی ہدایتکاری برکت صدیقی نے کی ہے جبکہ اسے مومنہ درید پروڈکشنز اور برکت صدیقی نے مشترکہ طور پر پروڈیوس کیا ہے۔ ڈرامے کا اسکرپٹ تحریری ادارے کانٹینٹ لائن نے تخلیق کیا ہے۔

ڈرامے کی پہلی قسط نے سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر شاندار پذیرائی حاصل کی اور تقریباً 60 لاکھ ویوز حاصل کیے، جبکہ دوسری قسط بھی 20 لاکھ ویوز کے ساتھ مقبولیت کی راہ پر گامزن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اسٹار عامر خان نے میرا شو کاپی کیا، حنا بیات کا الزام

’معصوم‘ کی کہانی ایک نوجوان اور باصلاحیت گلوکار دلشاد فیصل آبادی کے گرد گھومتی ہے، جو بہتر مستقبل کی تلاش میں ایک بڑے شہر کا رخ کرتا ہے۔ وہاں وہ اپنے مالک مکان کی بیٹی نیلی سے محبت کرنے لگتا ہے۔ تاہم، نیلی ایک دولت مند مرد سے شادی کر لیتی ہے، جو ایک بچے اور ضعیف والدہ کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہے۔ اس کردار کو میکال ذوالفقار نے نبھایا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ ڈرامہ ’معصوم‘ کی کہانی اور مناظر کو بالی ووڈ کی ماضی کی مشہور فلم ’وہ سات دن‘ سے خاصی مماثلت حاصل ہے۔ ’وہ سات دن‘ میں بھی ایک نوجوان لڑکی اپنے کرائے دار سے محبت کرتی ہے، جو موسیقار بننے کا خواہاں ہوتا ہے، مگر وہ ایک مالدار ڈاکٹر سے شادی کر لیتی ہے۔ جس کا ایک بچہ اور بیمار والدہ بھی کہانی کا حصہ ہوتے ہیں۔ فلم میں ڈاکٹر کا کردار نامور اداکار نصیر الدین شاہ نے ادا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا رنبیر کپور نے’اینیمل‘ میں مولا جٹ کے بابر علی کو کاپی کیا؟

یہ مماثلت نہ صرف کہانی تک محدود ہے بلکہ کئی مناظر اور لوکیشنز میں بھی فلم ’وہ سات دن‘ کی جھلک واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ ناظرین کی بڑی تعداد نے ’معصوم‘ کی کہانی، اداکاری اور ہدایتکاری کو سراہا ہے، تاہم کہانی کی مشابہت پر سوشل میڈیا پر کچھ تنقید بھی دیکھنے کو ملی ہے کہ یہ انڈین فلم کی کاپی ہے۔ ایک صارف نے کہا کہ اس ڈرامے کا نام ’معصوم‘ نہیں ’وہ سات دن‘ ہونا چاہیے تھا۔ یہ دیکھنا باقی ہے کہ ڈرامہ آنے والے اقساط میں کس قدر نیا پن اور جدت لے کر آتا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل مہرین جبار کی تھرلر سیریز ’جرم‘ کے بارے میں بھی کہا گیا تھا کہ وہ بھارتی دستاویزی فلم ’دی ہنی مون مرڈر‘ کی نقل ہے جو 2010 میں ریلیز ہوئی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp