ایران اور عراق کے مقدس مقامات کی زیارات کے لیے پرانے قافلہ سالار نظام کو عنقریب ختم کیا جائے گا۔ اب زیارات صرف وزارت مذہبی امور کے مجاز زیارت گروپ آرگنائزرز (ZGO) کے تحت ممکن ہوں گی۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق، ایران و عراق کی زیارات کروانے کی خواہشمند کمپنیوں سے درخواستیں وصول کی جا رہی ہیں اور وزارت مذہبی امور نے زیارات گروپ آرگنائزرز کی سکرُوٹنی کا عمل شروع کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: ایران اور عراق میں زیارات کے لیے نیا مربوط نظام لا رہے ہیں، وزیر مذہبی امور سردار یوسف
اس حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ اب تک 585 کمپنیوں کی سیکیورٹی کلیئرنس مکمل کر لی گئی ہے جبکہ حالیہ توسیع کے دوران 95 نئی کمپنیوں نے کاغذات جمع کروا دیے ہیں۔
پرانے زیارات آرگنائزرز سے کاغذات کی وصولی کا عمل 31 اگست تک جاری رہے گا جبکہ نئی کمپنیاں 10 ستمبر تک درخواست دینے کی اہل ہیں۔
مزید پڑھیں: 40 ہزار پاکستانی زائرین لاپتا: عراق، ایران اور شام میں کہاں گئے؟ وزیر مذہبی امور کا انکشاف
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ مطلوبہ کوائف مکمل کرنے والی کمپنیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کا اجرا جلد متوقع ہے، جس کے بعد ہی زیارات کی منصوبہ بندی اور انتظامات قانونی اور مجاز طریقے سے ممکن ہوں گے۔