سندھ میں شدید بارشوں کا الرٹ: کراچی، حیدرآباد، سکھر اور ملحقہ علاقوں میں سیلاب کا خطرہ

بدھ 20 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر اور سندھ الرٹ کے مطابق اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں انتہائی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔

متاثرہ اضلاع میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، میرپورخاص، سکھر اور ان کے ملحقہ علاقے شامل ہیں، جہاں مختصر وقت میں 50 سے 100 ملی میٹر سے زائد بارش ہو سکتی ہے۔

مزید پڑھیں:  سندھ حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان

کراچی، حیدرآباد، سکھر اور میرپورخاص میں شدید بارشوں اور ناقص نکاسی آب کی وجہ سے شہری سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔ ٹھٹہ، بدین، جامشورو اور دادو کے اضلاع میں اچانک سیلاب کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دریائے سندھ اور اس کی معاون ندیوں میں پانی کی سطح میں اضافے کے باعث نچلے علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ مرکزی شاہراہیں اور مقامی سڑکیں زیرآب آنے سے آمدورفت متاثر ہوسکتی ہے، جبکہ بجلی اور ٹیلی کمیونی کیشن سروسز میں تعطل کا امکان بھی بڑھ سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: تربیلا ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے، دریائے سندھ کے کنارے سیلاب کا الرٹ جاری

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے شہریوں سے ہدایت کی ہے کہ سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں قیمتی اشیا اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کریں، ہنگامی سامان جیسے کھانا، پانی، ادویات اور فرسٹ ایڈ کٹ تیار رکھیں، برقی آلات استعمال کرتے وقت احتیاط کریں اور زیرآب سڑکوں یا بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp