پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی جبکہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے سینیٹر اعظم خان سواتی کو نامزد کیا ہے۔
عمران خان کی جانب سے یہ نامزدگیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب خان کو 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے سزا ملنے کے بعد نہ صرف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا بلکہ انہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت تمام قائمہ کمیٹیوں سے بھی فارغ کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے محمود اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے نامزد کر دیا
عمران خان کی جانب سے محمود خان اچکزئی کی نامزدگی کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی پرانی ویڈیوز ایک بار پھر وائرل ہو رہی ہیں، جن میں وہ اچکزئی پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ستمبر 2014 کی ایک تقریر میں عمران خان نے محمود اچکزئی کے چادر اوڑھنے کے انداز پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں ’ملنگ‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ تھوڑی دیر کے لیے تو میں بھی پاگل بن گیا جیسے بہت کوئی ملنگ آدمی ہے۔ پھر ان پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے 8 رشتہ دار اسمبلی میں پہنچا دیے ہیں اور اپنے بھائی کو گورنر بنا دیا ہے۔
یہاں سوال یہ ہے کہ عمران خان نے محمود خان اچکزئی پر جو کرپشن بھائی کو گورنر بنانے 8 افراد کو اسمبلی تک پہنچانے کے سنگین الزامات عائد کئے تھا کیا اچکزئی صاحب آج ان الزامات سے بری ہو چکے ہیں pic.twitter.com/NJns4q78xa
— Raja Kabeer ™ (@kabeerraja786) August 19, 2025
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عدالتی فیصلے کے پیش نظر عمر ایوب اور سینیٹر شبلی فراز کی نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے خلاف دونوں رہنماؤں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔