وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ انتظامیہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے میدان میں موجود ہے، یہ حکومت کا کام ہے اور ہم اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہرایک کو اپنا بھی احساس ہونا چاہیے، کل جب الرٹ آیا کہ مزید بارش ہوگی تو ہم نے عام تعطیل کا کہا تھا لیکن دیکھیں سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں سڑکوں پر ہیں، شہریوں کو گھروں میں ہونا چاہیے تھا،حکومت اگر کوئی فیصلہ کرتی ہے تو اس پر عمل بھی تو کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش کا نیا سلسلہ، شہر میں پانی جمع اور سڑکیں بند
انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب زدگان کی مدد کررہی ہے، یہ حکومت کا کام ہے، میڈیا والے غلط رپورٹس چلا رہے ہیں کہ حکومت کچھ نہیں کررہی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی 15 منٹ تیز بارش ہوئی ہے تو یہ لوگ دفاتر سے نکل کر گھروں کو جارہے ہیں، اگر آدھا گھنٹہ خدانخواستہ مزید بارش ہوجاتی تو یہ لوگ سڑکوں پر پھنسے ہوتے، جب یہ پھنسیں گے تو ضرور انتظامیہ اور حکومت کو مورد الزام ٹہرائیں گے، جب ہم نے عام تعطیل کا اعلان کیا تو یہ لوگ دفاتر کو کیوں آئے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں بارش رکنے کے باوجود فلائٹس آپریشن بحال کیوں نہ ہوسکا؟
ان کا کہنا تھا کہ کل 2،3 گھنٹے بارش ہوئی، سڑکوں پر ضرور پانی کھڑا رہا، گاڑیوں کے اندر پانی گیا، گاڑیاں بند ہوئیں، کئی لوگوں کو گھروں کی طرف پیدل جانا پڑا، یہ حالت دیکھ کر ہم نے عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔














