تباہ شدہ انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لیے وزیراعظم آزاد کشمیر نے فیڈرل گرانٹ کا مطالبہ کردیا

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے وفاقی حکومت سے پہلے سے تعمیر کردہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے فیڈرل گرانٹ فراہم کرنے کی اپیل کی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں معین وٹو کے ہمراہ مون سون کے دوران ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی، جس میں آزاد کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے ہونے والی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: میرپور: کشمیری پولیس اہلکاروں کا مطالبات کے حق میں احتجاج، چارٹر آف ڈیمانڈ پیش

اجلاس کے دوران سیکریٹری ایس ڈی ایم اے نے متاثرین کی فوری بحالی اور امدادی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی جبکہ سیکریٹری شاہرات نے سڑکوں اور پلوں کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں آگاہ کیا، سیکریٹری پی ڈی او نے تباہ شدہ پاور ہاؤسز اور انفرا اسٹرکچر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مون سون بارشوں کے باعث محکمہ شاہرات، لوکل گورنمنٹ، تعلیم، صحت، واٹر سپلائی اسکیمز اور اریگیشن چینلز سمیت متعدد منصوبے بری طرح متاثر ہوئے، تعلیمی اداروں اور صحت مراکز کی عمارات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

مزید پڑھیں:کشمیر کی تاریخ پر 25 کتابوں کی پابندی، بھارت کی ایک لایعنی کوشش

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ رواں سال مون سون کی تباہ کاریاں آزاد کشمیر کی تاریخ میں مثال نہیں رکھتیں، جس سے انفرا اسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے، انہوں نے بتایا کہ حکومت آزاد کشمیر نے آپریشن بنیان مرصوص کے تحت شہریوں کو محفوظ بنانے کے لیے مثالی کام کیا ہے اور متاثرہ منصوبہ جات کی تعمیر نو رواں مالی سال میں اپنی سلانہ ترقیاتی پروگرام سے کی جائے گی۔

انہوں نے وفاقی حکومت سے پہلے سے تعمیر کردہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی کے لیے فیڈرل گرانٹ فراہم کرنے کی اپیل بھی کی۔

مزید پڑھیں:آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ کا تاریخی فیصلہ، ضلعی کوٹہ سسٹم ختم

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل میاں معین وٹو نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں اور مجھے اسی مقصد کے لیے خصوصی ہدایات دے کر مظفرآباد بھیجا گیا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت اور عوام دونوں آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں اور متاثرین کی بحالی و انفرا اسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے مکمل تعاون فراہم کریں گے۔

اجلاس کے آخر میں مون سون کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر کابینہ کے وزراء، چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp