معروف بالی ووڈ اداکار اکشے کمار، اداکار ارشد وارثی اور ہدایتکار سبھاش کپور کو اپنی آنے والی فلم ’جولی ایل ایل بی 3‘ سے متعلق قانونی مسائل کا سامنا ہے۔ پونے کی ایک سول عدالت نے تینوں کو سمن جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ان تینوں کو 28 اکتوبر 2025 کو صبح 11 بجے عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
یہ اقدام ایڈووکیٹ واجد رحیم خان کی جانب سے دائر ایک درخواست کے بعد کیا گیا، جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ فلم کے جاری کردہ ٹیزر میں وکلا اور عدلیہ کی توہین کی گئی ہے، جو نہ صرف قانونی برادری کی ساکھ کو متاثر کرتا ہے بلکہ عوام کو عدالتی نظام کے بارے میں غلط تاثر دے سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیا بچن اکشے کمار کی فلم کیوں نہیں دیکھنا چاہتیں؟
ایڈووکیٹ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم کا مواد وکالت جیسے باوقار پیشے کی تضحیک کرتا ہے، جس پر وہ قانونی چارہ جوئی پر مجبور ہوئے۔ ان کے مطابق، عدلیہ اور وکلا کو مثبت اور باوقار انداز میں پیش کیا جانا چاہیے، اور فلمی مواد میں ایسے منفی عناصر کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے یہ شکایت ابتدائی طور پر 2024 میں فلم کے ٹیزر ریلیز ہونے کے فوراً بعد درج کروائی تھی۔
واضح رہے کہ ’جولی ایل ایل بی 3‘ بالی ووڈ کی کامیاب فلمی سیریز کا تیسرا حصہ ہے، جس میں اکشے کمار اور ارشد وارثی پہلی بار ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گے۔ دونوں نے اس سیریز کی سابقہ فلموں میں ’جولی‘ نامی وکیل کا کردار نبھایا تھا۔ ارشد وارثی نے 2013 کی پہلی فلم میں جبکہ اکشے کمار نے 2017 کی سیکوئل میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، جو باکس آفس پر بڑی کامیابی ثابت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: ’مجھے فلم سے نکال دیا گیا تھا‘، اکشے کمار نے’بھول بھلیاں‘ کے سیکوئلز میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی
فلم کی ہدایتکاری سبھاش کپور کر رہے ہیں جبکہ اسے اسٹار اسٹوڈیوز کے بینر تلے تیار کیا جا رہا ہے۔ فلم کی ریلیز 19 ستمبر 2025 کو متوقع ہے، تاہم عدالت میں زیرِ سماعت معاملے کے تناظر میں اس کی ریلیز متاثر ہونے کے امکانات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔