دیرینہ دوستی کا مظہر، کنگ سلمان ریلیف کی جانب سے سیلاب زدگان کے لیے ریلیف پیکجز کی تقسیم

جمعرات 21 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا حالیہ دنوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ درجنوں مکانات، سڑکیں اور بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوگیا۔ متاثرہ خاندان شدید مشکلات کا شکار ہیں اور فوری امداد کے منتظر ہیں۔

اسی تناظر میں کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (KSrelief) کی جانب سے متاثرین کی مدد کے لیے بڑے پیمانے پر ہنگامی امدادی قافلہ خیبر پختونخوا روانہ کیا گیا۔

اسلام آباد میں ہونے والی تقریب میں سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی، وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ خان، ڈائریکٹر KSrelief پاکستان عبداللہ البقامی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA)، خیبر پختونخوا کے نمائندگان اور قومی و بین الاقوامی میڈیا کے ارکان شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ قافلے میں 10 ہزار شیلٹر کٹس اور 10 ہزار فوڈ پیکجز شامل ہیں۔ ہر شیلٹر کٹ میں خیمہ، سولر پینل بمعہ ایل ای ڈی لائٹس، دو تھرمل کمبل، پلاسٹک میٹ، پائیدار کچن سیٹ، واٹر کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن شامل ہیں۔

اسی طرح ہر فوڈ پیکج کا وزن 95 کلوگرام ہے، جس میں آٹا، چینی، دالیں اور کوکنگ آئل شامل ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کی فوری غذائی ضروریات پوری ہوسکیں۔

اس موقعے پر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ امدادی سامان کی تقسیم این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے، ریلیف و ری ہیبیلیٹیشن اینڈ سیٹلمنٹ ڈیپارٹمنٹ (RR&SD) اور KSrelief کے شراکتدار اداروں حیات فاؤنڈیشن اور پیچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے تعاون سے شفاف اور بروقت انداز میں کی جائے گی اور یہ شیلٹر کٹس اور فوڈ پیکجز خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کی اس مشکل گھڑی میں سہارا ثابت ہونگی۔

یہ اقدام پاکستان کے ساتھ سعودی عرب کے دیرینہ دوستانہ تعلقات اور بھائی چارے کا مظہر ہے۔ KSrelief ماضی میں بھی پاکستان میں خوراک، صحت، تعلیم، رہائش اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے متعدد منصوبے مکمل کر چکا ہے۔

سعودی عرب کا یہ نیا امدادی قافلہ خیبر پختونخوا کے متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری ریلیف فراہم کرنے کی ایک اور اہم کڑی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp