ہانگ کانگ پولیس نے خواتین کی غیر رضامندانہ اور نازیبا تصاویز شیر کرنے والے 10 افراد کو گرفتار کیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں 6 مرد اور 4 خواتین شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے لوگ آن لائن چینلز چلا رہے تھے جہاں خواتین کی غیر رضامندانہ اور نازیبا تصاویر شیئر کی جاتی تھیں۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ 3 سال سے سرگرم تھا اور اس دوران تقریباً 15 ہزار تصاویر اور ویڈیوز پھیلائیں گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: خاتون ٹک ٹاکر کو بیہوش کرکے نازیبا تصاویر بنانے اور وائرل کرنے والے مجرم کو 9 سال قید
ان تصاویر میں زیادہ تر اپ اسکرٹ اور خفیہ طور پر لی گئی قریبی نوعیت کی تصاویر شامل تھیں جو بس اسٹیشنز اور شاپنگ مالز جیسے عوامی مقامات پر بنائی گئی تھیں۔
ان غیر قانونی چینلز میں قریب 9 ہزار ممبرز موجود تھے اور گروہ ان سے وی آئی پی مواد کے نام پر پیسے وصول کرتا تھا۔ اس دھندے سے انہوں نے 5 لاکھ 12 ہزار امریکی ڈالر کمائے۔ پولیس نے اس پورے نیٹ ورک کو بلاک کردیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ مزید گرفتاریاں بھی عمل میں آسکتی ہیں۔
پولیس کے کلینیکل ماہر نفسیات فنگ ہو کن نے بتایا کہ ایسے مواد کو ڈاؤن لوڈ کرنے والا ہر شخص بھی جرم میں شریک ہے۔ ان کے مطابق سیکڑوں خواتین اس گھناؤنی کارروائی کا شکار بنیں جن میں 200 سے زائد طالبات شامل تھیں اور یہ سب مختلف سطح کے ذہنی صدمے کا سامنا کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: کمسن بچی کی نازیبا ویڈیوز شیئر کرنے والا ملزم لوئر دیر سے گرفتار
ملزمان کی عمریں 20 سے 62 سال کے درمیان ہیں اور ان پر متعدد الزامات لگائے گئے ہیں جن میں بغیر اجازت قریبی نوعیت کی تصاویر شائع کرنے کی سازش بھی شامل ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور یہ ممکن ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید لوگوں کو حراست میں لیا جائے۔