ہالی ووڈ اداکارہ مائیکی میڈیسن نے فلم انیورا (2024) میں ‘آنی’ کا کردار نبھانے پر بہترین اداکارہ کا اکیڈمی ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے مزاج کے بارے میں بتایا۔
مائیکی میڈیسن نے بتایا کہ وہ یہ ایوارڈ اپنے گھر میں رکھتی ہیں جہاں ایک بلی، 3 کتے اور وائنل کلیکشن بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے میرے اردگرد سب کچھ بدل گیا ہے اور اس سے میری اندر سمٹ جانے کی خواہش مزید بڑھ گئی ہے۔
26 سالہ اداکارہ نے اپنی شخصیت کے بارے میں بتایا کہ میں حد سے زیادہ انٹروورٹ ہوں لیکن مہم جوئی کی شدید خواہش بھی رکھتی ہوں۔ یہ ہمیشہ سے میرا اندرونی تضاد رہا ہے مگر اب یہ پہلے سے زیادہ بڑھ گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: آسکرایوارڈز 2025 کی نامزدگیوں کا اعلان، فہرست میں بہترین فلمیں اور اداکار کون ہیں؟
سوشل میڈیا سے دور رہنے والی اسکریم فلم کی اداکارہ نے کہا کہ میں کبھی کسی پارٹی یا ڈنر میں نہ جانے پر افسوس نہیں کرتی، لیکن معاشرہ ایسا محسوس کرواتا ہے کہ کیا خوش رہنے کے لیے یہ سب کرنا ضروری ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ ہم دوسروں کو خوش کرنے کے لیے وہ ظاہر کرتے ہیں جو ہم نہیں ہوتے۔ میرا ماننا ہے کہ شرمیلاپن بھی شاعری کی ایک صورت ہے۔
فلم انیورا میں کام کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے مائیکی میڈیسن نے کہا کہ یوں لگا جیسے شان بیکر نے مجھے اندھیروں سے نکال لیا ہو۔ میں اب بھی محسوس کرتی ہوں کہ میرا کیریئر ابھی شروع ہی ہوا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ میں ایسے کردار ادا کروں جو مجھے خوفزدہ کریں۔ مجھے اسکرپٹ پڑھ کر ڈر لگنا چاہیے۔