مری کے علاقے کلڈنہ میں چیتے کی غراہٹ نے مقامی شہریوں کو خوفزدہ کردیا ہے، شہریوں نے محکمہ جنگلی حیات سے حفاظتی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں گھومتے چیتے، وائلڈ لائف کی میرج بم استعمال کرنے کی اپیل
مری کے علاقے کلڈنہ میں چیتے کی غرّاہٹ سننے کے بعد سنائی دینے کے بعد مقامی افراد نے ایک چیتے کے بچے کو آزادانہ گھومتے ہوئے دیکھا اور اس کی ویڈیو بھی ریکارڈ کرلی۔ جنگل میں خطرناک جانور کی موجودگی کی اطلاع نے علاقے کے باسیوں میں خوف و ہراس کی فضا کو مزید بڑھا دیا ہے۔
عینی شاہدین اور مویشی چرانے والے چرواہوں کے مطابق چیتے کا بچہ کئی بار جنگل کے کنارے تک آ چکا ہے اور انسانی آبادی کے قریب بھی دیکھا گیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو یہ جانور نہ صرف مویشیوں کے لیے بلکہ انسانوں کے لیے بھی خطرہ بن سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد سے پکڑا جانے والا زخمی چیتا ہلاک ہوگیا
اہل علاقہ نے محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ماہرین کی ٹیم علاقے میں تعینات کی جائے، جنگلات میں گشت بڑھایا جائے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔














