کووڈ 19 کے دباؤ میں سبزہ زار اور پارکس سکون کا باعث بنے، تحقیق

جمعہ 22 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کووڈ 19 وبا کے دوران شہری علاقوں میں سبزہ زار اور پارکوں تک رسائی نے لوگوں کو ذہنی دباؤ اور ڈپریشن سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ تحقیق کے مطابق اگرچہ وبا کے دوران ڈپریشن کی شرح تقریباً دو گنا بڑھ گئی تھی، لیکن وہ افراد جو سبزہ زار یا ہرے بھرے محلوں میں رہائش پذیر تھے، ان میں ڈپریشن کا خطرہ نمایاں طور پر کم پایا گیا۔

معروف جریدے پی ایل او ایس ون میں شائع تحقیق کے مطابق کینیڈا میں 13 ہزار سے زائد شہری شرکا کے ذہنی صحت کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ محققین نے ان شرکا کے گھروں کے گرد موجود سبزہ زاروں کی مقدار کا تعین سیٹلائٹ امیجری کی مدد سے کیا۔

یہ بھی پڑھیں: رنگوں کی کاریگری: صحت اور سکون کے لیے کون سا رنگ بہترین ثابت ہوتا ہے؟

کارلیٹن یونیورسٹی اوٹاوا کے نیورو سائنس کے پروفیسر پال وِلنویو نے کہا کہ شہری سبزہ صرف منظرنامہ نہیں تھا بلکہ وبا جیسے دباؤ بھرے وقت میں اس نے ذہنی صحت کے تحفظ میں فعال کردار ادا کیا، کم آمدنی والے افراد کے لیے سبزہ دار محلوں کی موجودگی اور بھی زیادہ فائدہ مند ثابت ہوئی۔

کوئینز یونیورسٹی اوٹاوا کی محقق سوسانا ابراہیم کوٹاگیری نے کہا کہ ہماری تحقیق ظاہر کرتی ہے کہ سبزہ زاروں نے وبا کے دوران کم آمدنی والے کینیڈین افراد کی ذہنی صحت کو سہارا دینے میں بظاہر چھوٹا لیکن معنی خیز کردار ادا کیا اور بڑھتی ہوئی معاشی ناہمواری کے باوجود کچھ سکون فراہم کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیند کی کمی اور سوزش کے شکار افراد میں ڈپریشن کا خطرہ 3 گنا زیادہ ہے، تحقیق

علاوہ ازیں نقل و حرکت کی مشکلات رکھنے والے افراد کے لیے بھی ہرا بھرا ماحول خاص فائدہ مند رہا۔ کینیڈا کی پبلک ہیلتھ ایجنسی کی محقق یِنگ جیانگ نے کہا کہ جب نقل و حرکت محدود ہو تو گھر کے باہر موجود سبزہ ذہنی صحت کے لیے اہم سہارا ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ وہ افراد جو وبا سے پہلے ہی کم باہر جاتے تھے، ان کے لیے محلوں کا سبز ماحول مزید فائدہ مند رہا۔ پبلک ہیلتھ ایجنسی کی ماہر مارگریٹ ڈی گروہ کے مطابق جب سماجی روابط محدود ہو جائیں تو سبزہ زاروں کی نفسیاتی اہمیت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: موسیقی ڈیمینشیا کے مریضوں کے لیے سکون کا ذریعہ بنتی ہے، تحقیق

ٹورنٹو یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ فار لائف کورس اینڈ ایجنگ کی ڈائریکٹر اور سینئر محقق ایسما فلر تھامسن نے کہا کہ اس تحقیق نے واضح کر دیا ہے کہ سبزہ زاروں کے ذہنی صحت پر فوائد کو ابھی تک مکمل طور پر سمجھا نہیں گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ کم آمدنی والے محلوں میں سبزہ زاروں تک مساوی رسائی کو یقینی بنایا جائے، مقامی سبزہ کو تحفظ دیا جائے اور صحت عامہ کے ہنگامی حالات میں بھی اس کا خیال رکھا جائے تاکہ ذہنی صحت کو محفوظ بنایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp