عالمی منظر نامہ کچھ بھی ہو پاک چین دوستی لازوال رہے گی: بیجنگ نے واضح کردیا

جمعہ 22 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین نے کہا ہے کہ عالمی منظر نامہ خواہ کچھ بھی ہو پاکستان اور چین کی دوستی لازوال رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: چینی وزیرِ خارجہ کا دورہ پاکستان کیوں اہم ہے؟

چینی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے چینی وزارت خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ وزیر خارجہ وانگ ژی کی اسلام آباد میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔

ترجمان نے کہاکہ چین ہمیشہ پاکستان کا قابل بھروسہ اور مضبوط دوست رہا ہے، پاکستان اور چین کی روایتی دوستی ہمیشہ غیرمتزلزل اور ناقابل تسخیر رہے گی۔

واضح رہے کہ چینی وزیر خارجہ نے بھارت اور افغانستان کے بعد پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر، وزیراعظم، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں چینی وزیر خارجہ نے پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

اس موقع پر چینی وزیرِ خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا آہنی دوست اور ہر موسم کا اسٹریٹیجک پارٹنر ہے، چین پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے عزم کو سراہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی ماڈل سے متعلق خدشات غلط ثابت، پاکستان چین کے تجربات سے سیکھنا چاہتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چین پاکستان سے مل کر علاقائی امن، ترقی اور استحکام کے لیے کام کرتا رہے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp