پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار آج (ہفتہ) ڈھاکہ پہنچیں گے، جہاں وہ دو روزہ سرکاری دورے کے دوران اعلیٰ سطحی ملاقاتیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیشی کوارٹر ماسٹر جنرل کی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے 4-5 یادداشت ہائے مفاہمت (MoUs) پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح اسحاق ڈار کی ملاقات بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے ریاستی مہمان خانے ’پدما‘ میں ہوگی۔ مذاکرات اور معاہدوں پر دستخط کے بعد میڈیا کو بریفنگ دی جائے گی۔
بنگلہ دیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، ثقافت، میڈیا، تربیت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جائے گا۔ پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی وزیر تجارت جام کمال ڈھاکا پہنچ گئے، بنگلہ دیشی ہم منصب سے ملاقات طے
بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق پاکستانی وزرا ہفتے کی شام بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے بھی ملاقات کریں گے۔
یاد رہے کہ نومبر 2012 میں اس وقت کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے ڈھاکہ کا دورہ کیا تھا۔ حالیہ برس میں بنگلہ دیش میں سیاسی تبدیلی کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی سفارتی سرگرمیاں تیزی سے فروغ پا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک نے براہ راست شپنگ کا آغاز کر دیا ہے، ویزا اور تجارتی قوانین میں نرمی کی ہے، جبکہ براہ راست پروازیں بھی شروع کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
پاکستانی ایئرلائن ’فلائی جناح‘ کو ڈھاکہ-کراچی روٹ پر پرواز کی اجازت مل چکی ہے جبکہ ’ایئر سیال‘ نے بھی اجازت کے لیے درخواست دے دی ہے۔