گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر دیامر نے دریائے سندھ کے قریب 200 میٹر کے اندر جانے پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دریائے سندھ سے دور رہیں اور محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو جائیں۔
ڈپٹی کمشنر دیامر نے خبردار کیا ہے کہ غذر میں گلیشر پھٹنے سے دریائے غذر میں ایک مصنوعی جھیل وجود میں آ گئی ہے، جس کے ٹوٹنے کی صورت میں کسی بھی وقت سیلابی ریلا دریائے سندھ میں داخل ہوسکتا ہے۔
ڈی سی دیامر عطا الرحمٰن کاکڑ کے مطابق پولیس اور ریسکیو 1122 سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیس کو یہ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں میں شہریوں کو دریائے سندھ کے قریب جانے سے روکیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے دریاؤں کا پانی دریائے سندھ میں شامل ہوکر دیامر سے گزرتا ہے، لہٰذا پانی کی سطح بلند ہونے اور بہاؤ میں تیزی آنے سے خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔