رونالڈو اپنے کلب کی شکست کے باوجود کونسا اہم ریکارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئے؟

ہفتہ 23 اگست 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کرسٹیانو رونالڈو نے فٹبال کی تاریخ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے اور وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 4 مختلف کلبز کے لیے 100 سے زائد گول اسکور کیے۔ تاہم اس یادگار کارکردگی کے باوجود ان کے کلب النصر کو سعودی سپر کپ کے فائنل میں الاہلی کے ہاتھوں پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ہانگ کانگ اسٹیڈیم میں ہفتے کے روز کھیلے گئے فائنل میں رونالڈو نے پہلے ہاف میں پنالٹی کے ذریعے گول کر کے النصر کے لیے اپنی سنچری مکمل کی۔ 40 سالہ پرتگالی اسٹار نے النصر کے لیے اب تک 100 گول کیے ہیں۔ اس سے قبل وہ ریال میڈرڈ کے لیے 450، مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے 145 اور یووینٹس کے لیے 101 گول کرچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: ’پرتگالی ہوں، لیکن سعودی عرب سے ہوں‘ رونالڈو کا النصر کے ساتھ نئی کامیابیوں کا عزم

اس ریکارڈ کے ساتھ رونالڈو نے ان کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہوں نے 3 مختلف کلبز کے لیے 100، 100 گول کیے تھے، ان میں اسپین کے اسیدرو لنگارا، برازیل کے روماریو اور نیمار شامل ہیں۔

میچ میں رونالڈو کے گول کے بعد الاہلی کے فرانک کیسی نے فوراً ہی میچ برابر کردیا۔ آخری لمحات میں النصر کے مارسیلو بروزووچ نے برتری دلائی مگر برازیلین ڈیفینڈر ایبانیز نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے مقابلہ دوبارہ برابر کر دیا۔

پینالٹی شوٹ آؤٹ میں رونالڈو نے ایک اور گول کیا مگر النصر کے عبداللہ الخیبری اپنی باری پر اسکور نہ کرسکے اور الاہلی نے 3-5 سے کامیابی حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کرلی۔

خیال رہے کہ پانچ بار کے بیلن ڈی اور ایوارڈ یافتہ رونالڈو اب تک سعودی عرب میں کوئی بڑی ٹرافی نہیں جیت سکے۔ وہ قومی ٹیم پرتگال کے لیے بھی سب سے زیادہ 138 انٹرنیشنل گول اسکور کرچکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp