بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک مذہبی تہوار ککے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کیا گیا جہاں شہریوں نے ان کا پتلا اٹھاکر انہیں اضافی ٹیرف لگانے پر نشانے پر لے لیا۔
ناگپور شہر میں ایک مذہبی تہوار کے دوران لوگوں نے ٹرمپ کا دیوہیکل پتلا تیار کیا اور اسے جلوس کی شکل میں اٹھا رکھا۔ مٹی اور بھوسے سے بنائے گئے اس پُتلے کو سرخ سوٹ، سفید قمیض اور پیلی ٹائی پہنائی گئی تھی جبکہ گیندے کے پھولوں کے ہار اور احتجاجی پوسٹروں سے بھی سجایا گیا۔
یہ بھی پڑھیے: ’مہاراجہ ٹیرف اور روسی لانڈری ‘، ٹرمپ کے مشیر نے ایک بار پھر بھارت کو آڑے ہاتھوں لے لیا
پلے کارڈز پر ‘جو ٹیرف سے ڈرا رہا ہے، بھارتی طاقت اُسے رُلا دے گی’ اور ‘بھارت کو اپنا دوست کہنے والے محبت پاکستان سے کرتے ہیں’ کے نعرے درج تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ احتجاج ‘مربت میلہ’ نامی روایت کا حصہ تھا، جو 1800 کی دہائی کے آخر سے ہر سال ناگپور میں منایا جاتا ہے۔ اس میلے میں دیوہیکل پتلوں کے ذریعے برائی کو علامتی طور پر ختم کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ سیاسی، سماجی اور معاشی مسائل کو بھی اجاگر کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: ٹرمپ پیوٹن مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر مزید ٹیرف لگائیں گے، امریکا کی مودی سرکار کو وارننگ
یاد رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے روس سے تیل کی خریداری پر بھارت پر عائد ٹیرف 50 فیصد تک بڑھا دیا ہے۔ اس میں سے 25 فیصد ٹیرف پہلے ہی نافذ ہے جبکہ بقیہ 25 فیصد 27 اگست سے لاگو ہوگا۔